27 مارچ ، 2020
جنوبی پنجاب کے شہر مظفرگڑھ سے کورونا وائرس میں مبتلا پہلی خاتون صحتیاب ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر امجد شعیب ترین نے خوشخبری دی کہ خاتون میں 9 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سینٹر سے مظفرگڑھ کے رجب طیب اردوان اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اب وہ شفایاب ہوچکی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اسپتال میں 9 روز زیرعلاج رہنے کے بعد خاتون کو رجب طیب اردوان اسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر روانہ کردیا گیا ہے۔
صحتیاب ہونے والی خاتون ایران سے آئی تھی اور تفتان بارڈر سے انہیں ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔
پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال
صوبے میں کیسز کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ کورونا وائرس سے اب تک 3 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک مریض راولپنڈی اور 2 لاہور میں جاں بحق ہوئے۔
تاہم اس صورتحال میں مظفرگڑھ سے خاتون کا صحتیاب ہونا پہلی اچھی خبر ہے۔