27 مارچ ، 2020
دنیا بھر میں کورونا وائرس نے لوگوں کو خوف میں مبتلاکردیا ہے جب کہ سائنسدان بھی اس وائرس کےخاتمے کے لیے ویکسین بنانے کے لیے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس کے خوف کو دور کرنے کے لیے ویتنام کے ایک شیف نے صارفین کو انوکھی پیشکش کردی ہے۔
ویتنام کے دارالحکومت ہانوئی کے ایک شیف نے کورونا وائرس تھیم کے برگر کی پیشکش کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کو شکست دینی ہے تو آپ کو یہ کھانا ہوگا۔
ہوانگ تنگ شیف کی ٹیم نے کورونا وائرس کی مائیکرواسکوپک تصویر کی طرح ایک برگر تیار کیا ہے جس کا نام 'کورونا برگر' ہے۔
شیف کا کہنا ہے کہ ہم نے لوگوں میں کورونا کا ڈر ختم کرنے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے یہ برگر بنایا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ویتنام میں بھی تمام تر ریسٹورینٹس اور ہوٹل بند کیے جا چکے ہیں لیکن شیف ہوانگ تنگ یہ کورونا برگر ٹیک اوے سروس کے تحت فروخت کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ویتنام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 148 ہے جب کہ یہاں کورونا سے ایک بھی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔