27 مارچ ، 2020
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹ کل سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی جاری رہے گی اور کل سے گڈز ٹرانسپورٹ کھولی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کسی صورت اشیائے خورونوش کی قلت نہیں ہونی چاہیے جب کہ ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکج ہر صورت شہریوں تک پہنچنا چاہیے اورصوبوں کے تعاون سے اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متحد ہو کر ہی کورونا کو شکست دے سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے۔