دنیا
Time 28 مارچ ، 2020

اسپین میں کورونا: پاکستانی ڈرائیورز بھی خدمت خلق میں آگے، ٹیکسی سروس فری کردی

فوٹو: فائل

خدمت خلق اور خدمتِ انسانیت کی جب بات کی جائے تو پاکستانیوں نے دنیا بھر میں ہمیشہ ہی پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کو مشکل ترین حالات کا سامنا ہے جب کہ پاکستان میں ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق ایک دوسرے کی مدد بھی کررہا ہے۔

شوبز ستارے اور قومی کھلاڑی بھی مستحقین اور غریب افراد کی مدد کرنے کے لیے ان کے گھروں میں راشن تقسیم کررہے ہیں۔

ایسے میں بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں نے بھی اعلیٰ صفت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کا بیڑا اٹھایا ہے۔

اداکارہ نادیہ جمیل کی جانب سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے بارسلونا کے پاکستانی ڈرائیورز کی ایک ویڈیو شیئر کی۔ 

ویڈیو کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیوروں نے مقامی میڈیکل اسٹاف اور نرسز کے لیے اپنی ٹیکسی سروس مفت کردی ہے جب کہ یہ پاکستانی ٹیکسی ڈرائیورز اسپتال کے باہر ان کا انتظار کرتے ہیں تاکہ وہ انہیں مفت سروس فراہم کر سکیں۔

بارسلونا میں پاکستانی ڈرائیور سید شیراز کا کہنا ہے کہ  'مجھ سمیت سیکڑوں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیورز  اس وقت بارسلونا میں سوشل سروس فراہم کر رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی حادثہ ہوتا ہے تو ہمہ وقت  میزبان ملک کو اپنی سروسز دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

ڈرائیور سید شیراز  نے بتایا کہ بدقسمتی سے اسپین وہ تیسرا ملک ہے جہاں یہ وبا سب سے زیادہ پھیلی ہے تو پاکستانی ٹیکسی ڈرائیورز نے یہ فیصلہ کیا کہ ہم یہاں کے میڈیکل اسٹاف کو مفت سروس فراہم کریں گے۔

مزید خبریں :