کراچی میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق، صوبے میں تعداد 3 ہوگئی

سندھ میں کورونا وائرس کے باعث مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 481 ہوگئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں افراد نمونیہ اورکورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق دونوں افراد کراچی کے رہائشی ہیں اور ان کی عمریں  70 اور 83 سال تھیں۔

ترجمان کے مطابق انتقال کے بعد رپورٹ آنے پر دونوں افراد میں نمونیا اور کورونا وائرس کے نتائج مثبت پائے گئے۔

دوسری جانب سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں 12 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 481 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے ۔

خیال رہے کہ ملک  بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :