Time 29 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا کے باعث معاشی بحران؛ جرمن ریاست کے وزیر خزانہ نے خود کشی کرلی

تھامس شیفر کا تعلق جرمن چانسلر اینجلا مرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین سے تھا،فوٹو:فائل

جرمنی کی ریاست ہیسےکے وزیر خزانہ تھامس شیفر نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث خودکشی کرلی۔

خیال رہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 60 ہزار 600 سے زائد ہوچکی ہے جو کہ دنیا بھر میں پانچویں بڑی تعداد ہے جب کہ یہاں ہلاکتوں کی تعداد 482 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی اقتصادی اور معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث معاشی حوالے سے یورپ کا سب سے مضبوط اور اور دنیا کا چوتھا بڑا ملک جرمنی بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کی ریاست ہیسے کے وزیر خزانہ تھامس شیفر کی لاش ریلوے ٹریک کے قریب سے ملی ہے، پولیس نے ابتدائی طور پر معاملے کو خودکشی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ریاست کے چانسلر ولکر بوفیر کا کہنا ہے کہ تھامس شیفر نے ممکنہ طور پرکورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث خودکشی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث ریاست میں پیداہونے والے معاشی بحران کی وجہ سے شدید پریشان تھے۔

واضح رہے کہ جرمنی کی ریاست ہیسے کا شمار جرمنی کی مضبوط اقتصادی ریاستوں میں ہوتا ہے اور یہاں جرمنی کا اقتصادی مرکز فرینکفرٹ بھی واقع ہے۔

تھامس شیفر کا تعلق جرمن چانسلر اینجلا مرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین سے تھا اور وہ گذشتہ 10 سال سے ریاست ہیسے کے وزیر خزانہ تھے۔

مزید خبریں :