Time 29 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا امریکا میں بے قابو، دنیا بھر میں ہلاکتیں 30 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے سب سے زیادہ امریکا، اٹلی اور اسپین میں تباہ کاریاں مچا رکھی ہیں جب کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر  میں ہلاکتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا اور اموات کی مجموعی تعداد 30 سے تجاوز کر چکی ہے۔

امریکا میں ہلاکتیں 2000 سے تجاوز

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر اب امریکا ہے جب کہ اٹلی دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر آپہنچا ہے۔

امریکا میں تین دنوں میں کورونا وائرس سے اموات میں دو گنا اضافہ ہوا ہے جہاں ہفتے کے روز کورونا وائرس کے مزید 1 لاکھ 22 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کر چکی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا نے امریکا کی 50 ریاستوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے جب کہ امریکی ریاست نیویارک میں کورونا کے سب زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں مریضوں کی تعداد مجموعی مریضوں کا تقریباً نصف ہے۔

ریاست نیویارک کے اسپتالوں میں حفاظتی طبی سامان اور وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا ہے۔

طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اٹلی کے بعد نیویارک کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتا ہے۔

قرنطینہ کی ضرورت نہیں پڑے گی: امریکی صدر 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے زیادہ وائرس پھیلنے والی ریاست نیویارک سمیت دیگر بڑے شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'قرنطینہ ضروری نہیں بلکہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹی کٹ جیسے شہروں کے رہائشی آئندہ 14 دنوں تک غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں'۔

اٹلی میں 10ہزار  افراد جان کی بازی ہار گئے

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جہاں ایک دن میں 800 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔

مقبول ترین سیاحتی مقام اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 92 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

اسپین میں ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہلاکتیں

چین سے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اس وقت یورپ اور امریکا سب سے زیادہ متاثر ہے۔

اسپین میں بھی کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور ہفتے کے روز اسپین میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 984 تک جا پہنچی ہے۔

اسپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 73 ہزار 235 ہے۔

ووہان میں دو ماہ سے بند سب وے اور ریلوے اسٹیشنز کھول دیے گئے

چینی سرکاری ہیلتھ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز چین میں کووڈ-19 کے 45 نئے کیسز اور 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 81 ہزار 439 ہو گئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 300 ہے۔

چین کے شہر ووہان میں اب معمولاتِ زندگی آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ووہان میں پچھلے 10 دنوں میں کورونا وائرس کا صرف ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔

ہفتے کے روز ووہان میں دو ماہ سے بند سب وے اور ریلوے اسٹیشنز کو دوبارہ کھول دیا گیا جب کہ چائنہ یورپ کارگو ٹرین ووہان سے طبی سامان لے کر جرمنی کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

روس کا اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان

کورونا وائرس کےکم کیسز ہونے کے باوجود بھی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے روس نے کل سے اپنی سرحدیں دوسرے ممالک کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 6 لاکھ64 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد 30 ہزار  892 ہوگٗئی ہے۔ دنیا بھر میں وائرس سےمتاثر ہونے والے ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :