Time 30 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا وائرس سے دنیا کی پہلی شاہی شخصیت کی ہلاکت

فوٹو: فائل

دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے متعدد شوبز  شخصیات سے لے کر معروف کھلاڑیوں تک کی جانیں لے لیں اور اب وائرس سے دنیا کی پہلی شاہی شخصیت کی ہلاکت بھی سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بوربون پرما کی ہسپانوی شہزادی ماریا ٹریسا کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئی ہیں۔

86 سالہ ہسپانوی شہزادی اسپین کے شہزادے فیلیپ IV کی کزن تھیں، شہزادی کے بھائی شہزادہ سکسٹو اینریک دی بوربون نے فیس بک پر اپنی بہن کی کووڈ-19 سے ہلاکت کی تصدیق کی۔

شہزادی کے بھائی کی جانب سے فیس بک پر کیے جانے والے اعلان کے مطابق 'ہماری بہن ماریا ٹریسا دی بوربون پرما کووڈ-19 میں مبتلا تھیں جو کہ پیرس میں 86 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں'۔

پیپل میگزین کے مطابق ہسپانوی شہزادی 28 جولائی 1933 میں پیدا ہوئیں تھیں اور انہوں نے فرانس سے تعلیم حاصل کی تھی جس کے بعد یہ پیرس سوربون میں ایک پروفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دیتی تھیں۔

شہزادی کو اپنے واضح خیالات کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کو 'ریڈ پرنسس' بھی کہا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل برطانوی شہزادہ چارلس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کر چکی ہےجب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہے۔ 

مزید خبریں :