30 مارچ ، 2020
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ای سی سی نے کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔
اعلامیے کے مطابق کوورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 100 ارب روپے کا ایمرجنسی ریلیف فنڈ قائم کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو 4ماہ تک 12 ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی جب کہ بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے 72 ارب 50 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
ای سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں جب کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 50 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کوٹیکس ریفنڈز کےلیے 75 ارب روپے جاری کرنےکی منظوری دی گئی ہے، اس کے علاوہ دالوں کی درآمد پر 2 فیصد ٹیکس ختم کردیے گئے ہیں اور یوٹیلٹی اسٹورز کو مصالحے،خشک دودھ اور نمک سپلائزرز پر وِد ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد کردی گئی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق چینی، دالیں اور آٹے کے سپلائزر پر بھی ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد ہوگی، ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کو ڈیوٹی ڈرا بیکس کی ادائیگی کے لیے 30 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان ریلوے کے لیے 6 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران اسٹیٹ بینک حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس دہندگان کو 49 ارب روپےکے ریفنڈ کی ادائیگی کے لیے کام جاری ہے، 40 ارب روپے کے ری فنڈ رواں سال جون تک ادا کردیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 24 مارچ کو 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔