31 مارچ ، 2020
کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ماہرینِ صحت کی جانب سے یہ تجویز دی گئی ہے کہ اپنی خوراک میں ایسی غذا کو شامل کیا جائے جس سے قوتِ مدافعت مضبوط ہو۔
قوتِ مدافعت کو مضبوط کرنے کے لیے رس دار پھل کا استعمال نہایت ہی معاون سمجھا جاتا ہے، اسی ضمن میں آج ہم آپ کو ایسی غذاؤں کے بارے میں بتائیں گے جن کا استعمال ناشتے میں کرکے آپ اپنی قوتِ مدافعت کو بڑھا سکتے ہیں۔
جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں ہمیں اپنے دن کا آغاز غذائیت سے بھرپر ناشتہ کر کے کرنا چاہیے، تو چلیں جانتے ہیں کہ ناشتے میں کیا کھا کر آپ اپنی قوتِ مدافعت کو بڑھا سکتے ہیں !
ناشتے میں رس دار پھلوں کا استعمال کرنے سے قوت مدافعت کو بڑھایا جاسکتا ہے، ان رس دار پھلوں میں لیمو، کینو اور گریپ فروٹ کا استعمال کرنا قوتِ مدافعت کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے۔
پپیتا جِلد کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں پپیتے میں اینٹی آکسیڈینٹس بھی بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ قوتِ مدافعت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
صبح سویرے سبزچائے پینا صحت کے لیے بے حد بہترین سمجھا جاتا ہے، سبز چائے آپ کی صحت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت بھی بڑھاتی ہے۔
سبز چائے میں اینٹی آکسیڈینٹس بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں جب کہ اسے روزانہ خوراک میں شامل کرنے سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول بھی کنٹرول میں رہتا ہے۔
دہی میں نہ صرف پروٹین ہوتا ہے بلکہ اس میں موجود پروبائیوٹکس نظامِ قوتِ مدافعت کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، دہی میں وٹامن ڈی بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دہی کو ناشنے میں شامل کرنا صحت کے لیے بے حد فائدے مند ثابت ہوسکتا ہے۔
بادام، اخروٹ، کھجور، تِل اور سورج مُکھی کی بیجوں میں زنک، میگنیشیم اور اومیگا تھری بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ قوتِ مدافعت بڑھانے میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔