Time 31 مارچ ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس کی وجہ سے 'رائےونڈسٹی' مکمل بند

کورونا وائرس کی وجہ سے لاہورکے پورے نواحی قصبے 'رائےونڈسٹی ' کو قرنطینہ قراردےدیا گیا،میڈیکل اسٹورز سمیت تمام دکانیں بند کرکے شہریوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کر دی گئی۔

رائے ونڈ سٹی میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ تبلیغی مرکز سے 27 افراد میں کورونا وائرس مثبت آنے پر کیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب نےصوبے بھر میں اشیائے ضروریہ کی دکانوں کے اوقات کار بھی صبح9سے شام5بجے تک مقرر کردیے۔

لاہورکا نواحی قصبہ رائےونڈ سٹی قرنطینہ قرار دے دیا گیا جبکہ شہراور تبلیغی اجتماع گاہ کومکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا،پولیس اور رینجرز کے دستے مسلسل گشت کررہے ہیں جبکہ شہریوں سےکہاگیاہےکہ وہ گھروں سےہرگزنہ نکلیں،میڈیکل اسٹورز سمیت تمام دکانیں بند ہیں، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد شہریوں کی اسکریننگ کر رہی ہے۔

بتایاگیاہےکہ رائےونڈ سٹی کو قرنطینہ قرار دینےکافیصلہ تبلیغی اجتماع گاہ میں موجود 27 افراد میں وائرس کانتیجہ مثبت آنے پر کیا گیا، ان افراد کو کالا شاہ کاکو اور قصور کے قرنطینہ مراکز میں منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق رائےونڈ تبلیغی مرکز میں اس وقت بھی 2200 افراد موجود ہیں جن کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن مزید سخت

دوسری جانب پنجاب حکومت نےصوبہ بھر میں کریانہ، پرچون او رجنرل اسٹورز وغیرہ کے نئے اوقات کارمقرر کردیے۔

جنرل اسٹو ر، گروسری اور کریانے کی دکانیں صبح 9سے شام 5بجے تک کھلاکریں گی،تاہم میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو استثنیٰ حاصل رہےگا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کہتے ہیں کہ نئے اوقات کار کا فیصلہ عوام کی صحت او رزندگی کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :