31 مارچ ، 2020
ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے پنشنرز کے لیے بڑا اعلان کردیا۔
ای اوبی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے پنشنرز کو 8 ہزار 500 روپے ماہانہ ادا کیے جائیں گے۔
ادارے کے مطابق اپریل میں پنشنرز کوبقایاجات کی مد میں4 ہزار روپے بھی اداکیےجائیں گے اور تمام پنشنرز کے اکاؤنٹ میں 12 ہزار 500 روپے آئیں گے ۔
خیال رہے کہ 12 دسمبر 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے ای او بی آئی کے تحت پنشن لینے والے افراد کی کم سے کم پنشن ساڑھے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر ساڑھے 8 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم کے اعلان کے بعد ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن بورڈ نے فروری میں ماہانہ پنشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ ای او بی آئی سے نجی اداروں کے تقریباً 4 لاکھ ریٹائرڈ، معذور ملازمین اور ان کی بیوائیں ماہانہ پنشن حاصل کر رہی ہیں۔