31 مارچ ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بھی معاملے پر کوئی غلط فہمی یا ابہام کی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے ،کورونا وائرس کے حوالے سے عوام کو ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی۔
اسلام آباد میں کورونا وائرس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں حکام کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس دوران صنعتی عمل رواں رکھنےکے اقدامات پر غور کے علاوہ حکومتی اقتصادی پیکج، بنیادی اشیاء کی رسد و ترسیل اور زرعی شعبے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کورونا وائرس کے حوالے سے عوام کو ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی اور کسی قسم کی تفریق یا امتیازی سلوک کی شکایت برداشت نہیں ہوگی۔
اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ ایک لاکھ 92ہزارٹیسٹ کٹس کل پاکستان پہنچ جائیں گی جب کہ اس وقت ملک میں 20 لیبارٹریز مکمل فعال ہیں جہاں کورونا کا ٹیسٹ کیا جارہاہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے گذشتہ دنوں کورونا ریلیف فنڈز کے لیے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا جس کی آج وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔