31 مارچ ، 2020
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کورونا ریلیف فنڈز کے لیے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جب کہ اس دوران کابینہ نے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری بھی دی۔
ذرائع کے مطابق اس دوران وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم کے بر وقت اور درست اقدامات کو نمایاں انداز میں پیش نہیں کیا جاتا جب کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے باجود تا حال عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں کابینہ ارکان نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ سمیت ایکسپورٹرز کا مال روکا جارہا ہے جب کہ ٹرک اڈوں پر ہوٹل بند ہیں، ڈرائیورز کچھ کھا پی نہیں سکتے۔
وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کا مال روکے جانے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ سمیت ایکسپورٹرز کا مال نہیں روکا جانا چاہیے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے کابینہ میں ٹرانسپورٹرز کے لیے مخصوص ڈھابہ ہوٹلز کھولے جانے کی تجویز بھی پیش کی۔