01 اپریل ، 2020
دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کی وجہ سےمتعددممالک میں لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
لاک ڈاؤن کے باعث گھر میں اچھا قت گزارنے کے لیے کوئی کھانا بنا رہا ہے تو کوئی اپنے گھروں کو اچھے طریقے سے صاف کر رہا ہے جب کہ متعدد لوگ اپنا وقت سوشل میڈیا اور نیٹ فلکس کا استعمال کرکے بھی گزار رہے ہیں۔
اسی حوالے سے سپر اسٹارماہرہ خان نے بھی اپنے مداحوں کو ان کا پسندیدہ ترین شو "آنگن ٹیڑھا" دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر 1984 کے مقبول ترین ڈرامے ’آنگن ٹیڑھا‘ کی ایک مختصر کلپ شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے اپنی کچھ پرانی یادوں کا بھی تذکرہ کیا۔
ماہرہ نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ‘جب میں کالج میں پڑھتی تھی تو کالج سے واپس آتے ہوئے میں اپنے ساتھ کچھ چیزیں بھی لایا کرتی تھی جن میں سے ایک آنگن ٹیڑھا ڈرامے کی ڈی وی ڈی بھی ہوتی تھی‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ‘ہر اتوار یا جب بھی مجھے وقت ملتا تھا تو میں آئس کریم لے کر اپنے گندے سے صوفے پر بیٹھ کر یہ ٹی وی شو دیکھا کرتی تھی‘۔
سپر اسٹار نے اپنے چاہنے والوں کو تجویز دی کہ ’یہ ڈرامہ مجھے بے حد لطف اندوز کرتا ہے، آپ سب بھی اس ڈرامے کو دیکھیں اور اگر دیکھا ہوا ہے تو اسے دوبارہ دیکھیں یہ پاکستان کے بہترین شوز میں سے ایک ہے‘۔