دنیا
Time 01 اپریل ، 2020

85 سالہ خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

کورونا وائرس میں مبتلا 85 سالہ برطانوی خاتون شفایاب ہوگئیں— برطانوی میڈیا فوٹو

ایک 85 سالہ  معمر برطانوی خاتون نے کورونا وائرس کو شکست دے دی اور صحتیابی کے بعد انہیں اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون امریکی ریاست کولمبیا میں کروز شپ پر کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی تھیں جہاں سے انہیں نازک صورتحال میں کولمبیا کے ہی ایک اسپتال میں داخل کیا گیا۔

اسپتال میں علاج کے ساتھ ساتھ خاتون نے خود بھی کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور بالآخر اسے شکست دے کر صحت یاب ہوگئیں۔

 مذکورہ خاتون کے بیٹے نے بھی طبی عملے اور اسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ 

طبی عملے نے انہیں رخصت کرتے ہوئے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا—برطانوی میڈیا فوٹو

معمر خاتون کی اسپتال سے فارغ ہوتے وقت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طبی عملے نے انہیں رخصت کرتے ہوئے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔

معمر خاتون اور ان کے بیٹے کا تعلق برطانیہ سے ہے تاہم وہ واپس لوٹنے کے لیے کولمبیا میں فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے متعلق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وائرس معمر افراد کے لیے زیادہ مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔

برطانوی خاتون اس وائرس کو شکست دینے والی واحد معمر فرد نہیں ہیں۔ گزشتہ دنوں اٹلی میں ایک سو سال سے زائد عمر کے شخص نے بھی کورونا کو شکست دی تھی۔ 

مزید خبریں :