Time 01 اپریل ، 2020
دنیا

برطانوی شہزادہ چارلس کورونا سے صحتیاب ہو گئے

 چند روز قبل کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 71 سالہ برطانوی شہزادے چارلس اب صحتیاب ہوچکے ہیں—فوٹو فائل

دنیا بھر میں پھیلی عالمگیر وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے برطانوی شہزادے چارلس صحتیاب ہو گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چند روز قبل کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 71 سالہ برطانوی شہزادے چارلس اب صحتیاب ہو چکے ہیں اور انہیں آئسولیشن سے بھی باہر آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

شہزادے چارلس میں کورونا کی ہلکی علامات پائی جانے کے بعد انہیں ڈاکٹرز نے ایک ہفتے تک آئسولیشن اختیار کرنے کا کہا تھا اور احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شاہی محل کے حکام نے بھی خوشخبری سنائی ہے کہ شہزادہ چارلس کی صحت اب اچھی ہے لیکن حکومتی پابندی کے سبب ان کا محدود دورانیہ ابھی مکمل نہیں ہوا اس لیے وہ یہ ہفتہ قرنطینہ میں مکمل کریں گے۔

کلیئرنس ہاؤس کی جانب سے بھی شہزادے کی صحتیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان کے ڈاکٹر نے انہیں کلیئر قرار دے دیا ہے۔ 

خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جب کہ وائرس کے باعث ہسپانوی شہزادی سمیت کئی بین الاقوامی شخصیات انتقال کر چکی ہیں۔

مزید خبریں :