Time 01 اپریل ، 2020
کھیل

جنگ عظیم دوئم کے بعد پہلی بار ومبلڈن منسوخ

کورونا وائرس کے باعث سال کا تیسرا گرینڈ سلم ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ منسوخ کردیا گیا۔

دنیائے ٹینس کا تیسرا گرینڈ سلم ومبلڈن چیمپیئن شپ کورونا وائرس کے باعث خطرات سےدوچار تھا جسے اب منسوخ کردیا گیا ہے۔

منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ومبلڈن گرینڈ سلم ٹینس اس سال نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ اے ٹی پی اور  ڈبلیو ٹی اے نے بھی ٹورنامنٹس کی معطلی میں اضافہ کردیا ہے اور اب تمام پروفیشنل ٹینس ٹورنامنٹس 13 جولائی تک معطل رہیں گے۔

اس سے قبل اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے مقابلے 8 جون تک معطل کیے تھے۔

دنیائے ٹینس کا قدیم ترین ایونٹ ومبلڈن 29 جون سے 12 جولائی تک لندن میں شیڈول تھا البتہ آل انگلینڈ کلب کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ایونٹ منسوخ ہونا ناگزیر ہے۔

سربیا سے تعلق رکھنے والے نوواک جوکووچ نے 2019 میں گھاس پر کھیلے جانے والے واحد گرینڈ سلم ومبلڈن کا ٹائٹل پانچویں بار اپنے نام کیا تھا جبکہ سوئس ٹینس اسٹار روجر فیڈرر  ریکارڈ 8 بار یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ومبلڈن کو پہلی بار منسوخ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل سال کا دوسرا گرینڈ سلم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن بھی ستمبر تک ملتوی کیا جاچکا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ایک سال کیلئے ملتوی کیا جاچکا ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر 2020 میں آسٹریلیا میں ہونا ہے تاہم اگر ورلڈ کپ کا انعقاد ملتوی ہوا تو پھر ٹیموں کے شیڈول کے باعث ورلڈ کپ 2 سال بعد ہی ہوسکے گا۔

مزید خبریں :