01 اپریل ، 2020
انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے سبب 11 سالہ بچی دم توڑ گئی ہے جب کہ یہاں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی کُل تعداد 157 ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے باعث ہونے والی اموات میں تین گنا اور کیسز کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔
24 گھنٹے کے دوران 21 مزید اموات کے بعد انڈونیشیا میں کل ہلاکتیں 157 ہوگئی ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1600 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ مرنے والوں میں 11 ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی ہلاکتوں میں جزیرہ جاوا سے تعلق رکھنے والی ایک 11 سالہ بچی بھی شامل ہے جسے 19 مارچ کو بخار اور سانس لینے میں مشکلات کی وجہ سے اسپتال لایا گیا تھا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی کو کورونا وائرس کے ساتھ ڈینگی بخار بھی لاحق تھا جس کے باعث اس کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔
انڈونیشیا میں کورونا وائرس سے سب سے کم عمر شہری کی یہ پہلی ہلاکت ہے اس سے قبل زیادہ تر اموات ضعیف افراد کی ہوئی ہے۔