01 اپریل ، 2020
ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس مقامی حالات کے مطابق تبدیل ہورہا ہے۔
کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی میں کورونا وائرس پر وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید کی سربراہی میں ریسرچ جاری ہے جس کے مطابق کورونا وائرس میں مقامی حالات کے مطابق جینیاتی تبدیلیاں ہورہی ہیں۔
ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی کی ریسرچ میں مقامی کورونا وائرس کا تجزیہ کیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس مقامی حالات کے لحاظ سے مختلف شکلیں تبدیل کررہاہے۔
ریسرچ یونیورسٹی کی جدید آلات سے لیس بی ایس ایل تھری وائرولوجی لیب میں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں معروف سائنسدان ڈاکٹر عطاء الرحمان نے بھی کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس پر تحقیق میں اہم پیش رفت ہوئی ہےجس کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس میں پائے جانے والے کروسومز چین سے مختلف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس میں پائے جانے والے ان کروموسومز کی شدت چینی وائرس میں موجودکرومو سومز جتنی نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 28 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔