پاکستان
Time 02 اپریل ، 2020

ٹائیگر فورس صرف فلاحی کاموں کے لیے ہے اس کا کوئی سیاسی پہلو نہیں: فیصل جاوید

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کورونا ٹائیگر فورس سے متعلق اپوزیشن کا اعتراض مسترد کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جوترقیاتی کام کررہے ہیں ان کی تصویر کہیں نظر نہیں آئے گی۔

انہوں نے کورونا ٹائیگرفورس کے سیاسی پہلو کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس صرف فلاحی کاموں کے لیے ہے اس کا کوئی سیاسی پہلو نہیں، اس میں گلی محلوں کے نوجوان رجسٹرڈ ہوں گے اور جو لوکل گورنمنٹ کا حصہ رہے وہ بھی ٹائیگرفورس کا حصہ بن سکتے ہیں۔

فیصل جاوید نے بتایا کہ ٹائیگر فورس میں ابھی تک ڈیڑھ لاکھ افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، نوجوان سیٹیزن پورٹل سے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے دوران عوام کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کی تشکیل کا اعلان کیا ہے جس پر اپوزیشن نے اعتراض کرتے ہوئے کہا ہےکہ ٹائیگر فورس سے سیاسی پہلو ظاہر ہوتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے ٹائیگر فورس کی جگہ بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کی امداد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں :