پاکستان
Time 02 اپریل ، 2020

کیمبرج سسٹم نے پرائیویٹ امیدواروں کو بغیر امتحان پاس کرنے کی پالیسی جاری کردی

کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے اور او لیول کے  پرائیویٹ امیدواروں کو امتحان دیے بغیر پاس کرنے کی پالیسی جاری کردی ہے۔

 کیمبرج سسٹم کی پاکستانی ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف کے مطابق کورونا وائرس کے باعث مئی، جون 2020 کے امتحانات کے سلسلے میں پرائیویٹ امیدواروں کو بھی اگلی جماعتوں میں ترقی دینے کے شواہد طلب کر لیے گئے ہیں۔

عظمیٰ یوسف کا کہنا ہے کہ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن پرائیویٹ امیدواروں کے ساتھ بھی وہی طریقہ کار اختیار کرے گا جو اسکولوں کے طلبہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

کیمبرج سسٹم کی پاکستانی ڈائریکٹر کے مطابق ایسے طالب علم جو کبھی کسی سینٹر میں نہیں پڑھے ان کے گریڈ کے اندارج کے وقت احتیاط برتی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ کسی بھی امیدوار کے جو پچھلے اسکول سے شواہد ملیں گے انھیں قابل قبول سمجھیں گے مگر طلبہ اور ان کے والدین کے شواہد قبول نہیں ہوں گے اور نہ ان کی گواہی لی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  انفرادی حوالے سے بچوں کے ٹیوٹر کی گواہی لی جائے گی ہر طالب علم کے حوالے سے جو شواہد لیے جائیں گے ان کے مستند ہونے کی تصدیق ہیڈ آف سینٹر کرے گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں دیگر امتحانی بورڈز کی طرح کیمبرج سسٹم نے بھی  ملک بھر میں اے، او لیول کے امتحانات منسوخ کردیے ہیں۔

مزید خبریں :