دنیا
Time 02 اپریل ، 2020

کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ایک اور اچھی خبر!

کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ایک اور اچھی خبر یہ ہےکہ چین میں کورونا وائرس سے انتہائی بیمار 5 مریضوں کاعلاج پیسیو امیونائزیشن (Passive Immunization)  کے طریقے  سےکیا گیا جن میں سے 3 مریض صحت یابی کےبعدگھرچلےگئےجب کہ بقیہ 2 کی حالت بھی بہتر ہے۔

خیال رہے کہ پیسیو امیونائزیشن میں کسی بیماری سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے خون سے پلازمہ لے کر انہیں بیمار شخص میں منتقل کیا جاتا ہے جس کے باعث اس شخص کے جسم میں وائرس سے لڑنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق  یہ آزمائش چین کے شہر شِنژن کے اسپتال میں20جنوری سے 20 مارچ کے دوران کی گئی۔

اس دوران 5 انتہائی بیمار مریضوں کو کورونا سے صحت یاب ہونے والے 5 مریضوں کا پلازمہ لگایا گیا، جن مریضوں کو پلازمہ لگایا گیا ان کی حالت اتنی خراب تھی کہ وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔

کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا پلازمہ منتقل ہونے کے بعد 5 میں سے 3 مریض جلد صحت یاب ہوگئے اور اب انہیں اسپتال سے ڈسچارج بھی کردیاگیا ہے جب بقیہ  دو کی حالت بھی بہتر ہے۔

خیال رہے کہ  پیسیو امیونائزیشن ڈیڑھ سو سال پرانا طریقہ علاج ہے جو ویکسین کی تیاری تک مختلف ممالک میں کورونا کے مریضوں پر استعمال کیا جارہا ہے۔

 پاکستان میں  بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے پیسیو امیونائزیشن کی منظوری دی جاچکی ہے اور  کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے پہلے مریض یحییٰ جعفری نے اپنا پلازمہ کورونا کے شکار مریضوں کے علاج کے لیے عطیہ بھی کردیا ہے۔

ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری کا کہنا ہے کہ جو مشینیں ڈینگی کے علاج میں کام کرتی ہیں و ہی کورونا میں استعمال ہوتی ہیں،کورونا کے 90 فیصد متاثرین میں پلازمہ کی ضرورت نہیں پڑتی۔

مزید خبریں :