03 اپریل ، 2020
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا۔
وزیراعظم کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آپریشن نے وزیراعظم کو کورونا کے باعث ملکی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے خور و نوش کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلرز کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت قومی حکمت عملی بنانے کے عمل میں مصروف ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کورونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ قوم کو وبا سے بچانا ویراعظم کی اولین ترجیح ہے، پوری قوم متحد ہوکر کورونا وائرس کو شکست دے گی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے ہی یکجا ہوکرکورونا کا مقابلہ کریں گے، وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا گیا ہے۔
معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے آرمی چیف اور تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا، وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں سپلائی لائن متاثر نہیں ہونی چاہیے، وزیراعظم نے گندم کی کٹائی سے متعلق بروقت اقدامات کیلئے بھی ہدایات کی ہیں، وزیراعظم نے کہا ہےکہ آٹے کی قلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں منعقدہ خصوصی بریفنگ میں شرکت کی تھی۔
بریفنگ میں شرکاء کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے تازہ ترین اقدامات اور وفاقی و صوبائی انتظامیہ کی مدد کے لیے ملک بھر میں فوجی جوانوں کی تعیناتی کے بارے میں آگاہی دی گئی تھی۔
بریفنگ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ ، حماد اظہر سمیت دیگر وزراء اور معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، حفیظ شیخ، فردوس عاشق اعوان، معید یوسف اور ثانیہ نشتر نے بھی شرکت کی تھی۔