Time 04 اپریل ، 2020
دنیا

برطانیہ میں بھی کورونا کی تباہ کاریاں، اموات چین سے بھی زیادہ ہو گئیں

اٹلی، اسپین اور امریکا کے بعد فرانس اور برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے زبردست حملے جاری ہیں اور برطانیہ میں بھی اموات چین سے زیادہ ہو گئی ہیں۔

فرانس میں ایک ہی روز میں 1120 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ برطانیہ میں بھی کورونا نے 684 افراد کو ابدی نیند سلا دیا جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

چین میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 3 ہزار 326 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ برطانیہ میں یہ تعداد 3 ہزار 605 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکا میں ایک ہی روز میں 1480 افراد کی ہلاکت کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ اٹلی میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 14ہزار 680 ہو گئی ہے۔

اسپین میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 11 ہزار 198 جب کہ ایران میں اموات کی تعداد 3 ہزار 294 ہو گئی ہے۔

ترکی میں بھی کورونا وائرس کے باعث اموات میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 425 ہو گئی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے 20 سال سے کم عمرلڑکوں کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کر دی ہے جب کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے گھر سے باہر نکلنے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔

عالمگیر وبا سے نیدرلینڈزمیں اب تک ایک ہزار 487، جرمنی میں ایک ہزار 275 اور بیلجیم میں ایک ہزار 143 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

سعودی عرب میں 25، یو اے ای میں 9، بھارت میں 72 اور پاکستان میں بھی 40 زندگیاں کورونا وائرس کی نذر ہو چکی ہیں۔

دنیابھرمیں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 98 ہزار جب کہ ہلاک افراد کی تعداد 59 ہزار 172 ہو گئی ہے۔ کورونا سے متاثرہ 2 لاکھ 28 ہزار 405 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :