03 اپریل ، 2020
عالی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔
خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔
جنازہ دیکھنے کے بعد بھی اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھوئیں۔
عالی ادارہ صحت کی جاری کی گئی ہدایات کے مطابق اس بات کو یقینی بنائیں کہ خاندان کے افراد ہر ممکن حد تک میت سے دور رہیں، بچے، 60 سال کی عمر کے افراد کو تدیفین میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔
ایسے افراد جن کو سانس، دل اور ذیابیطس کی بیماری ہے یا جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے ان کو بھی کفن دفن میں شریک نہیں ہونا چاہیے، کم سے کم تعداد میں لوگوں کو تدفین میں شرکت کرنی چاہیے اور دور سے دیکھنے والوں کو بھی کم سے کم 1 میٹر کا فاصلہ رکھنا چاہیے۔
تدفین بروقت مقامی طریقوں کے مطابق کی جانی چاہئیے، تدفین کے بعد کی تقریبات، وبا کے خاتمے تک ملتوی کردی جائیں۔
میت کو غسل دینے والے شخص کو ہاتھوں میں دستانے پہننے چاہئیں، پانی کے چھینٹوں سے بچنے کے لیے طبی ماسک پہننا چاہیے اور آنکھیں بھی ڈھانکنی چاہئیں۔
مردہ کو غسل دینے کے بعد پہنے ہوئے کپڑے فورا ہٹادیں اور اچھی طرح سے دھو لیں اور اگر کسی اور شخص نے کفن دفن کے دوران مدد کی ہے تو دوسرے شخص کو بھی تدفین کے بعداپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھونا چاہیے۔
طبی عملہ ، مردہ خانہ کا عملہ اور تدفین کرنے والے گورکن احتیاطی تدابیر اپنائیں، مردے کو ہاتھ لگانے سے پہلے دستانے پہنیں، طبی ماسک کا استعمال کریں، میت کی نقل و حرکت کم سے کم رکھیں، لاش کو کپڑوں میں لپیٹ کر اسے جلد سے جلد مردہ خانے میں منتقل کریں۔
پوسٹ مارٹم کرنے والوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کے پھیپھڑوں اور دوسرے اعضا میں کورونا موجود ہوتا ہے، پوسٹ مارٹم کم سے کم افراد کو کرنا چاہیے، پوسٹ مارٹم کرنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے جس میں حفاطتی گاؤن، دستانے، چہرے کی حفاظتی ڈھال اور چشمہ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی نماز جنازہ اور تدفین میں صرف گھر کے چند ورثا کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے جب کہ یہ اقدام وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں ہدایت کی گئی ہےکہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے اور غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔