04 اپریل ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کے لیے برطانیہ اور کینیڈا سے لاکھوں کٹس درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت، سیکریٹری صحت اور سیکریٹری سرمایہ کاری سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کورونا کی 7500 ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں جو ایک ہفتے کے لیے کافی ہیں۔
وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے اجلاس میں بتایا کہ آئندہ تین دن میں 15 ہزار کٹس مزید آ جائیں گی۔
مراد علی شاہ نے برطانیہ سے 2 لاکھ کٹس فوری درآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مسلسل کاوششوں کے بعد ہماری کورونا ٹیسٹنگ گنجائش فی دن 2020 ہوگئی ہے لیکن ٹیسٹنگ صلاحیت کو 5000 تک کرنا چاہتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے 6 نئی ٹیسٹنگ پی سی آر مشینیں اور کینیڈا سے ریپڈ ٹیسٹ مشین خریدنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رپیڈ ٹیسٹ مشین کے ساتھ 1 لاکھ ٹیسٹ کٹس بھی خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں پبلک سیکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص، علاج و سہولیات کوبہترین بنانا ہے۔