Time 04 اپریل ، 2020
پاکستان

میئر کراچی وسیم اختر کو الخدمت کی تقریب میں عباسی اسپتال آنا بھاری پڑگیا

میئر کراچی وسیم اختر کو جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت کی تقریب میں عباسی شہید اسپتال آنا بھاری پڑگیا۔

الخدمت کی جانب سے عباسی شہید اسپتال میں ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں شریک ہونے میئر کراچی وسیم اختر بھی اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ان کے سامنے تنخواہوں کی کٹوتی اور تاخیر سے ادائیگی پر احتجاج شروع کردیا۔

ڈاکٹروں کے احتجاج کے دوران ہی حافظ نعیم الرحمان نے سامان میئر وسیم اختر کے حوالے کیا تاہم احتجاج کے باعث میئر کراچی کو تقریب ادھوری چھوڑ کر جانا پڑا۔

اس دوران الخدمت کی جانب سے اسپتال میں جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا۔

دوسری جانب الخدمت انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے سرکاری اسپتالوں اور ڈاکٹرز میں 10 ہزار حفاظتی لباس تقسیم کیے گئے ہیں۔ الخدمت اسپتالوں میں 40 وینٹی لیٹرز اور 100 مانیٹرز کی تنصیب کی گئی ہے اور الخدمت کے 15 اسپتالوں میں کورونا آئیسولیشن وارڈز تیار کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے متعدد اسپتالوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی لباس اور ماسک اب تک ڈاکٹروں کو نہیں دیے گئے جبکہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن متعدد بار حفاظتی لباس اور ماسک کی فراہمی کا مطالبہ کرچکی ہے۔

حفاظتی لباس اور این 95 ماسک نہ ہونے سے متعدد ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف مہلک وائرس سے متاثر ہوچکا ہے۔ 

مزید خبریں :