پاکستان
Time 04 اپریل ، 2020

'کورونا ریلیف زبردست موقع ہے کہ آپ ہمیشہ کیلئے اپنے حلقے محفوظ کرلیں گے'

وزیراعظم عمران خان نے  پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے کہا ہے کہ  آپ کی خوش قسمتی ہے کہ آپ حکومت میں ہیں، حکومت کی ریلیف کی ساری کوششیں آپ کے ذریعے ہوں گی اور وہ سب آپ کے کھاتے میں جائیں گی۔

 لاہور میں 'کورونا ریلیف ٹائیگر فورس' کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کاکہنا تھا کہ جن لوگوں نے ایم این اے اور ایم پی اے کا الیکشن لڑا ہے سب نے اکٹھے ریلیف کی کوشش کرنی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ کی خوش قسمتی ہے کہ آپ حکومت میں ہیں اور حکومت کی ساری کوششیں آپ کے ذریعے ہی ہوں گی اور وہ کوششیں آپ کے کھاتے میں جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آپ کے لیے زبردست موقع ہے کہ آپ ہمیشہ کے لیے اپنے حلقے کو محفوظ کرلیں گے،  آپ کے مخالفین کے لیے برا وقت آگیا ہے،سیاسی مخالفین تنقید کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے، سیاسی مخالفین صرف مال بنانے کے لیے سیاست میں آئے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جو مشکل میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا قوم اس کے ساتھ کھڑی ہوگی، اندازہ نہیں لگاسکتے ہیں کہ کورونا کب ختم ہوگا اور پاکستان میں کتنا پھیلتا ہے یہ بھی ہمیں نہیں پتا۔

انہوں نےکہا کہ جو مال بناتا ہے وہ سماجی بہبود کا کام نہیں کرسکتا اورجو حلقے کے لوگوں کے ساتھ جڑجاتے ہیں لوگ ان کے ساتھ جڑجاتے ہیں، اپنے وزراء اورایم این ایز کو کہنا چاہتا ہوں کہ بڑا مشکل وقت ہے، ایسے مشکل وقت میں کئی لوگ ابھرکرسامنے آتے ہیں اورکئی ختم ہوجاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کے لوگوں نے مشکل وقت میں بڑے بڑے کام کیے ہیں، زلزلے اور سیلاب میں ہماری پارٹی چھوٹی تھی،مگربڑے کام کیے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 2700 سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 41 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں جزوی لاک ڈاؤن ہے جب کہ زیادہ تر کاروباری سرگرمیاں ختم ہوکر رہ گئی ہیں، حکومت کی جانب سے دیہاڑی دار اور ضرورت مند طبقے کی امداد کے لیے 'کورونا ریلیف ٹائیگر فورس' کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

مزید خبریں :