02 اپریل ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ 'وزیراعظم کوروناریلیف ٹائیگر فورس' میں رجسٹریشن 3 لاکھ 39 ہزارسے تجاوزکرچکی ہے۔
عثمان ڈار نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں وزیرِ اعظم COVID-19 ریلیف ٹائیگرز فورس میں رضاکارانہ طور پر شمولیت کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
عثمان ڈار نے بتایا کہ سب سے زیادہ پنجاب میں 2 لاکھ 34 ہزار 22 نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی ہے جب کہ دوسرے نمبر سندھ میں 50 ہزار 616 نوجوان رجسٹر ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 899 جب کہ اسلام آباد سے 5 ہزار، بلوچستان اور آزادکشمیر سے3،3ہزار اور گلگت بلتستان سے ایک ہزار سے زائد رجسٹریشنز ہوئی ہیں۔
معاون خصوصی کے مطابق نوجوانوں کی جانب سے زبردست ردعمل پر وزیراعظم نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں جو کسی سطح پر مایوس نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم کے اعلان کے بعد کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا عمل شروع ہوچکا ہے جس میں 18 سال سے اوپر کے نوجوانوں سے شمولیت کی اپیل کی گئی ہے۔
منتخب نوجوانوں کو مناسب تربیت دی جائےگی اور یہ رضاکار مستحق افراد کی نشاندہی کرنے کےساتھ ان تک ضرورت زندگی کی اشیاء پہنچائیں گے جن میں یوٹیلیٹی اسٹورز سے اٹھایا گیا سامان بھی شامل ہو گا۔