Time 05 اپریل ، 2020
پاکستان

جانوں کو خطرات: پالپا نے قومی ائیر لائن کے پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روک دیا

پالپا نے سیفٹی ایشوز کے تحت قومی ائیرلائنز کے پائلٹس کو جہاز اڑانے سے منع کردیا—فوٹو فائل

پاکستان ائیر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن (پالپا) نے سیفٹی ایشوز کے پیش نظر قومی ائیر لائن کے پائلٹس کو جہاز  اڑانے سے منع کر دیا۔

چند روز قبل ہی حکومت کی جانب سے جزوی طور پر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت کے بعد پروازوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور کینیڈا اور برطانیہ کے لیے پروازیں جا بھی چکی ہیں۔

ایسے میں پائلٹس کی تنظیم پالپا نے قومی ائیرلائن کے پائلٹس کو جہاز نہ اڑانے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے جو جیو نیوز نے حاصل کر لیا ہے۔

پالپا نے مراسلے میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جن ممالک میں کورونا وائرس ہے وہاں پائلٹس اور کریو کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں لہذا انسانی ہمدردی کے تحت اسپیشل فلائٹس اڑانے سے انکار کیا جاتا ہے۔

پائلٹس کی تنظیم پالپا کے اس مراسلے پر قومی ائیر لائن پی آئی اے نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹس کو خصوصی آپریشن کے دوران جہازوں سے اترنا نہیں تھا اور پی آئی اے کی جانب سے پائلٹس کے لیے کورونا سے حفاظت کے تمام تر انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق اسپیشل فلائٹ آپریشن کے لیے مختلف حکومتوں سے خصوصی اجازت حاصل کی گئی تھی، صرف چند مقامات پر  پائلٹس کو فائیو اسٹار ہوٹلوں میں ٹھہرایا جانا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں قومی ائیرلائن کا جزوی فضائی آپریشن معطل ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :