01 اپریل ، 2020
حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کو جزوی طور پر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر امور ہوابازی غلام سرورخان کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم عمران خان نے پروازوں کی بحالی کی منظوری دی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی جن کے ذریعے محدود مسافروں کو واپس لایا جائےگا۔
ترجمان کے مطابق ٹورنٹو کے لیے فلائٹ آپریشن 3 اپریل سے بحال ہوگا جب کہ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 4 اپریل سے شروع ہوگا۔
قومی ائیر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن میں بندش کے دوران متاثرہ مسافروں کو ترجیح دی جائے گی اور تمام پروازیں واپسی پر صرف اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گی جہاں جہاز سے اترنے کے بعد لاؤنج میں تمام مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد میں تمام مسافروں کو 6 گھنٹے کے لیے مقامی ہوٹلوں میں رکھاجائے گا اور جو مسافروں کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا جب کہ متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائےگا۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اس دوران تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور تمام طیاروں میں مکمل طور پر ڈس انفیکشن کی جائے گی جب کہ پی آئی اے اپنے عملےکی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بھی تمام حفاظتی امور پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ کچھ ہی دیر میں فلائٹس سسٹم میں بکنگ کے لیے دستیاب ہوں گی، احتیاط کے پیش نظر مسافر پی آئی اے ویب سائٹ سےخریداری کو ترجیح دیں اور سفر سے پہلے ماسک پہن کر آئیں، اس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعدا زاں ایوی ایشن ڈویژن نے اندرونِ ملک بھی فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام پروازیں 26 مارچ صبح 6 بجے سے 2اپریل صبح 6 بجے تک معطل کردی تھیں۔