28 اگست ، 2012
پشاور … دبئی سے پشاورآنے والے نجی ایئر لائن کے طیارے سے لینڈنگ کے دوران پرندہ ٹکرا گیا جس کے باعث طیارہ گراوٴنڈ کردیا گیا، خوش قسمتی سے طیارے میں موجود تمام 92 مسافر اور جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔ ذرائع کے مطابق دبئی سے پشاورآنے والی شاہین ایئر لائن کی پرواز 786 لینڈنگ کے دوران پرندے سے ٹکرا گیا، جس سے جہاز کا انجن خراب ہوگیا، تاہم عملے کے تمام افراد اور جہاز پر سوار 92 مسافر مکمل طور پر محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق اسی طیارے کو دوپہر دو بجے 162 مسافروں کو لے کر واپس دوبئی جانا تھا۔ جہاز میں فنی خرابی کے باعث دبئی جانے والی پرواز روانہ نہیں ہوسکی۔ پرواز میں تاخیر کے باعث پشاور سے دبئی جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مسافروں کیلئے تا حال متبادل پرواز کا بندوبست بھی نہیں کیا گیا ہے۔