Time 05 اپریل ، 2020
پاکستان

کراچی: امام نے عوام کو نہیں اکسایا، پولیس کے پہل کرنے پر لوگ مشتعل ہوئے: مفتی منیب

امام مسجد نے لاؤڈ اسپیکر پر لوگوں کو نہیں اکسایا بلکہ پولیس نے پہل کی اور لوگوں پر تشدد کیا جس پر عوام نے محاذ آرائی کی: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی۔ فوٹو: فائل

کراچی: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں جمعے کے روز  پیش آنے والے واقعے میں پولیس کے پہل کرنے پر عوام مشتعل ہوئے۔

حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے نماز جمعہ اور دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کی جانب سے روکنے پرعوام مشتعل ہو گئے اور اہلکاروں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بعدازاں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کا گھیراؤ کر کے امام مسجد، موذن اور کمیٹی ممبران کو گرفتار کر کے سرکاری مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ جب حکومت کی جانب سے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے تو کسی کو بھی مجمع جمع نہیں کرنا چاہیے تھا۔

اب چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لیاقت آباد کی مسجد میں مولانا رحیم داد نے لاؤڈ اسپیکر کے بغیر نماز جمعہ پڑھائی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا رحیم داد نے لاؤڈ اسپیکر پر لوگوں کونہیں اکسایا بلکہ پولیس نےپہل کی اور لوگوں پرتشدد کیا، ردِّ عمل میں عوام نے محاذ آرائی کی۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ امام نے اعلان کیا کہ لوگ پُرامن طریقے سے گھروں کو چلے جائیں۔

مزید خبریں :