Time 05 اپریل ، 2020
پاکستان

لاک ڈاؤن سے متاثر دیہاڑی دار افرادکا ڈیٹا حکومت کے پاس نہیں: معاون خصوصی

ضلعی سطح پر مستحقین کی فہرستیں تیار کرنے کو کہا ہے،  ڈاکٹرثانیہ نشتر ،فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ فی الحال لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے دیہاڑی دار افرادکا ڈیٹا حکومت کے پاس نہیں ہے۔

اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشترکاکہنا تھاکہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے تناظر میں'احساس ایمرجنسی کیش پروگرام' کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کے لیے 12 ہزار روپے فی خاندان کی نقد امدادی رقم فراہم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر مستحقین کی فہرستیں تیار کرنے کو کہا ہے، فی الحال احساس کفالت پروگرام میں پہلے سے رجسٹرڈ خواتین کو یکمشت 12ہزار روپے کی ادائیگی کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور دیگر اداروں کے ذریعے بھی لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افرادکا ڈیٹاحاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مستحقین کو رقم کی ترسیل کا عمل سادہ اور آسان بنادیا ہے، ملکی تاریخ میں سماجی تحفظ کے حوالے سے یہ سب سے بڑی امداد ہے جس کی ترسیل میں شفافیت کا عمل یقینی بنایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہنگامی کیش سے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اورکشمیر کے لوگ مستفید ہوں گے اور ہنگامی کیش مرد کے نام پرجاری کیا جائے گا۔

ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ ہنگامی کیش کی فراہمی میں کوئی سیاسی وابستگی مدنظر نہیں رکھی جائے گی اور 72گھنٹوں میں رقوم کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

 خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 ہزار 124 ہوچکی ہے جن میں سے 45 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا سے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں جزوی لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے سے غریب اور دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔

مزید خبریں :