دنیا
Time 06 اپریل ، 2020

کورونا کے باعث امریکا کیلیے مشکل ترین ہفتہ، جاپان کا 6 ماہ کی ایمرجنسی پر غور

کورونا وارئرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 12 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد متاثر اور ساڑھے 69 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

کوروناوائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 69 ہزار سے زائد لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں لیکن امریکا کے لیے رواں ہفتہ وائرس کے باعث اموات اور نئے کیسز کے اعتبار سے انتہائی مشکل رہا ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 9 ہزار 620 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جس میں سے تقریباً 5 ہزار کے قریب اموات رواں ہفتے ہوئی ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

امریکی ریاست نیویارک، مشی گن اور لوئزیانا میں مسلسل اموات کا سلسلہ جاری ہے جس نے امریکی حکام کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

امریکا کے سرجن جنرل جیروم ایڈمز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورت حال ہمارے لیے پرل ہاربر اور نائن الیون جیسی مشکل ہے۔

دوسری جانب اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے جب کہ نئے کیسز کی شرح میں بھی مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

اٹلی میں اب تک وائرس کے باعث 15 ہزار 887 افراد ہلاک جب کہ ایک لاکھ 28 ہزار متاثر ہو چکے ہیں۔

اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد اٹلی سے زیادہ ہے لیکن وہاں بھی گزشتہ تین روز سے نئے کیسز کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔ اسپین میں اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 646 افراد متاثر جب کہ 12 ہزار 641 ہلاک ہو چکے ہیں۔

عالمگیر وبا کے باعث برطانیہ میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں اب تک 4 ہزار 934 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 47 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی تاحال کورونا وائرس سے نجات حاصل نہیں کر سکے ہیں اور انہیں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جاپان میں حکومت کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دارالحکومت ٹوکیو، اوساکا اور دو دیگر علاقوں میں 6 ماہ کے لیے ایمرجنسی لگانے پر غور کر رہی ہے۔

کورونا وائرس جاپان میں اب تک 85 انسانی جانوں کو نگل چکا ہے جب کہ ساڑھے 3 ہزار سے زائد لوگ اس وبا سے متاثر ہیں۔

چین جہاں دنیا میں سب سے پہلے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی وہاں مزید دو ہلاکتوں کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 331 ہو گئی ہے جب کہ 39 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہزار 708 تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 12 لاکھ 75 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 69 ہزار 501 افراد ہلاک اور 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :