مایا علی سوشل میڈیا سے کیوں اوجھل ہوگئیں؟

فوٹو: فائل

کورونا وائرس نے دنیا میں تمام تر لوگوں کی سرگرمیوں اور زندگیوں کو کسی نہ کسی حد تک ضرور متاثر کیا ہے، کوئی لاک ڈاؤن میں سوشل میڈیا کا استعمال پہلے سے زیادہ کررہا ہے تو کسی نے سوشل میڈیا کا استعمال کم کردیا ہے۔

پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ مایا علی سوشل میڈیا پر کافی حد تک فعال نظر آتی ہیں اور اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپ ڈیٹ رکھتی ہیں لیکن اب مایا نے سوشل میڈیا سے بریک لینے کا اعلان کردیا ہے۔

اداکارہ کی جانب سےسوشل میڈیا پر  ایک طویل پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے کچھ عرصہ بریک لینے کا اعلان کیا۔

مایا علی نے اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا سے بریک لینےکی یہ وجہ بتائی کہ وہ 'اپنے اندر کے سکون کو تلاش کرنے اور پورے نظام کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے یہ بریک لے رہی ہیں'۔

اداکارہ نے اپنی تفصیلی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ 'کبھی کبھار ہمیں اپنے ارد گرد کی نعمتوں کے بارے میں سوچنے اور ان کی گنتی کرنے میں وقت چاہیے ہوتا ہے'۔

علاوہ ازیں مایا علی نےکہا کہ میری ٹیم میرےمداحوں کو غریبوں میں راشن بیگز تقسیم کرنےکے حوالے سے اپ ڈیٹ کرتی رہے گی۔

خیال رہے کہ اداکارہ مایا علی نے کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث گھروں میں محصور مستحق افراد تک راشن پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

مزید خبریں :