07 اپریل ، 2020
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 55 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4007 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 55 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ 18 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 17، پنجاب میں 15، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے بھی کورونا سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
بروز منگل ملک میں کورونا وائرس کے اب تک مزید 252 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 95 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب 86 کیسز، سندھ 54 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 12، کشمیر 3، اسلام آباد میں ایک کیس اور پہلی ہلاکت جبکہ گلگت میں بھی ایک کیس سامنے آیا ہے۔
سندھ میں آج کورونا کے مزید 54 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی جو کراچی سے سامنے آئی، اس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 986 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں مزید 16 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 269 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 افراد کورونا کا شکار ہوئے جب کہ ٹندو محمد خان میں 7، حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد سے ایک ایک کیس رہورٹ ہوا، اس طرح سندھ بھر میں 54 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق کراچی میں ایک اور فرد کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صرف کراچی میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں آج کورونا کے مزید 86 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2004 ہوگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 15 ہے۔
صوبے میں نئے کیسز کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان میں 251 زائرین، گوجرانوالہ 39، وہاڑی 27، ڈی جی خان 18 شہری، ملتان 457 زائرین، جہلم 40، سرگودھا 22، حافظ آباد 37، لاہور 297، راولپنڈی 67، اٹک 1، قصور 9، رائے ونڈ قرنطینہ 404، ملتان 4 شہری، میانوالی 3، بہاولنگر 18، فیصل آباد قرنطینہ 18، منڈی بہاؤ الدین 17، ننکانہ صاحب 15، لودھراں 3، فیصل آباد 21 شہری، نارووال 6، خوشاب 4، لیہ 17، گجرات 102، رحیم یار خان 18، بہاولپور 3، سیالکوٹ 23، اوکاڑہ 1، چنیوٹ 6، شیخوپورہ 1، بھکر 1، راجن پور 1 اور 49 قیدی بھی کورونا میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک25 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں آج کورونا وائرس کے مزید 95 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کی تصدیق وزیر صحت تیمور خان کی جانب سے کی گئی۔
وزیر صحت کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 500 ہوگئی ہے جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کرم سے تعلق رکھنے والا 70 سالہ مریض انتقال کرگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔
وزیر صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 69 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے جب کہ شہر میں ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 83 ہوگئی ہے۔
بلوچستان میں آج بروز منگل کورونا کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جو پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 204 ہوگئی ہے جب کہ اب تک ایک ہی ہلاکت ہوئی ہے۔
دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 60 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ جام کمال نے کی۔
آزاد کشمیر میں آج اب تک کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
گلگت بلتستان میں آج کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد گلگت بلتستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 212 تک جا پہنچی ہے۔
گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 43 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔
خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں کلک کریں۔۔
کورونا وائرس پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہلک وائرس اسٹیل اور پلاسٹ کی تہوں پر چار دن جب کہ فیس ماسک پر ایک ہفتے تک موجود رہ سکتا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔