پاکستان
Time 07 اپریل ، 2020

پاکستانیوں جاگو اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے، مرتضیٰ وہاب کا انتباہ

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے  عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدہ لیں اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے۔

 مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اگلے 29 دنوں میں یہ تعداد ایک ہزار ہوگئی۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق ایک ہزار مریضوں کے بعد اگلے 7 دنوں میں 2 ہزار مریضوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مزید 5 دن میں کورونا مریضوں کی تعداد3 ہزار اور اس کے4 دنوں بعد یہ تعداد 4 ہزار ہوگئی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اعداد وشمار سے صورت حال کی سنجیدگی کا اندازہ ہوتاہے۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ 'پاکستانیوں جاگو اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے'۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 7 ہوچکی ہے جن میں سے 55 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

گذشتہ دنوں وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ جمع کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کہ 25 اپریل تک کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا کے 41 ہزار معمولی نوعیت اور 7 ہزار سنگین نوعیت کے کیسز ہو سکتے ہیں جن میں سے ڈھائی ہزار کے قریب کیسز تشویش ناک ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں :