دنیا
Time 08 اپریل ، 2020

عالمی ادارہ صحت کا لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کا مشورہ

دنیا بھر میں امریکا کے بعد یورپی ممالک کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں،فوٹو:فائل

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا سے متعلق مثبت نتائج سامنے آنے کے باوجود لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یورپی ریجن کے ڈائریکٹر ہینس کلج کا کہنا تھا کہ  بعض ممالک میں کورونا سے متعلق اچھےاشارے ملنےکے باوجود ابھی پابندیاں نرم کرنےکا وقت نہیں آیا ہے۔

ہینس کلج نے کورونا کے باعث عائد کی گئی سختیاں نرم نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ جلد بازی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ  ابھی ہمیں کورونا کےخلاف کوششوں کودوگنا اور تین گنا کرنا ہوگاتاکہ اس وباکا مکمل خاتمہ ہوسکے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں امریکا کے بعد یورپی ممالک کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 83 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

 امریکا میں 4 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 12 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

یورپ میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری

اس کے علاوہ اسپین میں ایک لاکھ 46 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 35 ہزار ،جرمنی میں ایک لاکھ 9 ہزار 180 جب کہ  فرانس میں بھی ایک لاکھ 9 ہزار69 کیسز درج ہوچکے ہیں۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہزار سے زائد جب کہ اسپین میں ساڑھے 14 ہزار، فرانس میں10 ہزار 328 اور جرمنی میں 2 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 55 ہزار اور ہلاکتیں 6 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

چینی شہر ووہان میں 76 روزہ لاک ڈاؤن ختم

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے چین کے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان میں 2 ماہ سے زائد عرصے کے لاک ڈاؤن کے بعد سفری پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سب سے پہلےچین کے شہر ووہان میں سامنے آئی تھی اور ووہان کو 23 جنوری کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا تھا۔

تاہم مقامی میڈیا کے مطابق منگل کو چینی حکام نے 76 روزہ لاک ڈاؤن کے بعد ووہان کو آمد و رفت کیلئے کھول دیا ہے۔

مزید خبریں :