Time 09 اپریل ، 2020
پاکستان

کل سے موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کھولنے کا اعلان

فوٹو فائل—

 یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کل سے موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کا آغاز کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں لاک ڈاؤن کی صورتحال میں اگرچہ دن میں بنیادی ضرورت کی اشیاء کی دکانیں کھلنے کی اجازت ہے لیکن وہاں قیمتوں پر کنٹرول کا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔

اس حوالے سے عمر لودھی کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کا نیٹ ورک نچلی سطح پر منتقل ہونا چاہیے جس کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ مل کر کل سے موبائل اسٹورز کھولے جائیں گے۔

عمر لودھی نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے گزشتہ ایک ماہ میں 8 ارب روپے کی سیل کی گئی جب کہ جنوری سے اب تک یوٹیلٹی اسٹورز پر مجموعی طور پر 25 ارب روپے کا سامان فروخت کیا گیا۔

عمر لودھی کا کہنا تھا کہ پہلے روزانہ کی بنیاد پر 2 ہزار ٹن آٹا فروخت کیا جا رہا تھا جو کہ اب بڑھ کر 7 ہزار ٹن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، آٹے کا مسئلہ نہیں، دالوں کی درآمد میں مسئلہ آیا ہے مگر 2 دن تک دالوں کی فراہمی کا مسئلہ بھی حل کردیا جائے گا۔

 عمر لودھی نے کہا کہ عید الفطر تک 19 اشیاء پر سبسڈی جاری رہے گی،  یہ سبسڈی ضرورت مندوں کے لیے ہے۔

ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کے مطابق ملک میں رمضان کے بعد مزید 200 یوٹیلیٹی اسٹورز کھولے جائیں گے۔

مزید خبریں :