پاکستان
Time 09 اپریل ، 2020

25 اپریل تک کوروناکے کیسز 70 ہزار اور ہلاکتیں 700 ہوسکتی ہیں، غلام سرور خان

وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 25 اپریل تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزار تک ہو سکتی ہے اور خدشہ ہے کہ 700 افراد جان سے بھی جاسکتے ہیں۔

غلام سرور خان نے یہ بات جیو نیوز کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 11 اپریل کے بعد بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو اسلام آباد کے علاوہ ملتان، لاہور اور پشاور بھی لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھاجس کے بعد سے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار 497 ہوچکی ہے جن میں سے 65 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی آج کوئٹہ میں بلوچستان کی صوبائی کابینہ سے خطاب میں کہا ہے کہ اس وقت کوروناکااتنا پریشر نہیں ہے لیکن ہم اندازہ لگارہے ہیں کہ اپریل کےآخرتک کوروناکابہت دباؤ ہوگا۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا کے 41 ہزار معمولی نوعیت اور 7 ہزار سنگین نوعیت کے کیسز ہو سکتے ہیں جن میں سے ڈھائی ہزار کے قریب کیسز تشویش ناک ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں :