Time 09 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے مزید 4 ہلاکتیں، تعداد 65 ہوگئی، مجموعی کیسز 4497 تک جا پہنچے

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 65 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4497 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 65 ہلاکتوں میں سے سندھ میں سب سے زیادہ 21 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 20 اور پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج کورونا کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعرات ملک میں کورونا وائرس کے مزید 290 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جو پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ سے رپورٹ ہوئی ہیں۔

آج سندھ میں 92 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب میں 116 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 33 کیسز اور 2 ہلاکتیں، آزاد کشمیر 5 کیسز  ، بلوچستان 7 ، اسلام آباد میں 35 اور گلگت بلتستان میں 2 کیسز سامنے آئے۔

سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 642 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 92 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1128 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک وفات بھی ہوئی جس سے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔

مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں اب تک 349 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز  اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کیسز کی تعداد 560 ہوگئی جب کہ شانگلہ اور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے مریض کورونا سے انتقال کرگئے جس کے بعد کے پی میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا کے سب سے زیادہ 108 کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صوبے میں اب تک 122 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج بروز جمعرات کورونا کے مزید 116 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2224 ہوگئی ہے جب کہ مزید ایک ہلاکت کے بعد اب تک 18 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کے مطابق 68 قیدی، 700  زائرین، 794 عام شہری اور رائے ونڈ قرنطینہ میں کورونا کے 662 مریض ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں کورونا سے 18 اموات ہوئی ہیں جب کہ 39 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا کے مزید 35 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان نے کی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں 7 کیسز کے اضافے کے ساتھ کیسز کی مجموعی تعداد 219 ہوگئی ہے۔

واضح رہےکہ صوبے میں کورونا سے اب تک 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور 76 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت آزاد کشمیر کے مطابق عباس پور کے علاقے نمجر میں ایک اور پلندری میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  پلندری میں کورونا کے پہلے مریض کے 2 گھروالوں اور 2 دوستوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں آج 2 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 215 تک جا پہنچی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 111 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

پاکستان کورونا کا علاج دریافت کرنے والے ممالک میں شامل

امریکی قومی ادارہ صحت نے پاکستان کو کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے والے ممالک میں شامل کرلیا۔

امریکی قومی ادارہ صحت کی لائبریری برائے ادویات نے پاکستان کو فہرست میں شامل کیا اور ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کی 20 رکنی ٹیم کو مریضوں پر تجربات کرنے کے لیے اہل قرار دیا۔  مزید پڑھیں۔۔ 

پاکستان میں کورونا چین کے مقابلے میں انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے، چینی ماہرین

 پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سرد و گرم علاقوں اور رنگ و نسل کی تمیز کیے بغیر پوری دنیا کے انسانوں کو متاثر کر رہا ہے جب کہ پاکستان میں یہ وائرس چین کے مقابلے میں انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔ 

کورونا وائرس جاندار نہیں لہٰذا اسے مارا نہیں جاسکتا

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جو عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹائم لائن: پاکستان میں کس عمر کے افراد کورونا وائرس کا ہدف؟

اگر پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی سرکاری سطح پر دستیاب تفصیلات کا جائزہ لیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ پاکستان میں وائرس کا زیادہ ہدف اب تک مرد بنے ہیں جب کہ عمر کے حساب سے بھی دیکھیں تو اس وائرس سے متاثر ہونے والے زیادہ نوجوان یا ایسے افراد ہیں جن کی عمریں 20 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ: حکومتی رپورٹ

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

مسافر ٹرینیں بند، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

جانیے: کورونا وائرس کوئی بائیولوجیکل ہتھیار ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں کلک کریں۔۔

کورونا وائرس فیس ماسک پرکتنے دن رہ سکتا ہے؟

کورونا وائرس پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہلک وائرس اسٹیل اور پلاسٹ کی تہوں پر چار دن جب کہ فیس ماسک پر ایک ہفتے تک موجود رہ سکتا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار

اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :