10 اپریل ، 2020
مہلک کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کی طاقت ور ترین معیشت اور سپر پاور ملک امریکا کے شہریوں کو بھی راشن کیلئے قطار میں کھڑے ہونے پر مجبور کردیا۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مفت راشن بانٹنے والے اسٹور کے سامنے گاڑیوں اور لوگوں کی لمبی قطار لگ گئی۔
لاس اینجلس میں ایک فوڈ اسٹور نے ضرورت مندوں کے لیے اشیائے خور و نوش کے پیکٹ تقسیم کیے۔
مفت راشن لینے کے لیے اسٹور کے باہر ڈیڑھ کلومیٹر تک گاڑیوں کی طویل قطار لگ گئی، بارش کے باوجود راشن لینے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد لائن میں لگی رہی۔
خیال رہے کہ کورونا کے باعث امریکا میں بے روزگاری کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر دس میں سے ایک امریکی بے روزگار ہوگیا ہے۔
امریکا اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں 4 لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 16 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکا میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک ہے جہاں ایک لاکھ کیسز اور 7 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔