11 اپریل ، 2020
کراچی: اورنگی ٹاؤن میں نوجوان نے بیروزگاری سے تنگ آکر خودکشی کے لیے خود کو آگ لگالی جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ون ڈی میں بیروزگاری سے تنگ آکر ایک فیضان نامی نوجوان نے خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ فیضان نے گزشتہ روز جمعہ کی نماز کے بعد گھر کے باہر خود پر تیل چھڑک کر آگ لگائی۔
فیضان کے والد وسیم کے مطابق نوجوان لاک ڈاؤن سے قبل ہی بیروزگار ہوگیا تھا اور وہ کافی عرصے سے بیروزگار ہے، اسےکو کوئی مستقل نوکری نہیں مل رہی تھی۔
فیضان کے والد نے مزید بتایا کہ لاک ڈاؤن کے بعد میری بھی نوکری چلی گئی جس سے گھر کے حالات بھی شدید خراب ہوچکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیضان سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔