دنیا
Time 11 اپریل ، 2020

گُڈ فرائیڈے: دنیا بھر میں گرجا گھر خالی، ایسٹرکا تہوار آن لائن منایا جارہا ہے

فوٹو: بشکریہ پی آر آئی 

دنیا بھر میں عالمگیر وبا کورونا کے پھیلاؤ کے  پیش نظرلاک ڈاون کی وجہ سے اس بار گڈ فرائیڈے کی تقریبات بھی مختلف انداز میں ہورہی ہیں۔

دنیا بھر میں اس بار ایسٹر کا تہوار نئے طریقے سے منایا جارہا ہے، لاک ڈاون کی وجہ سے گرجا گھر خالی ہیں جب کہ کئی گرجا گھروں نے آن لائن سروس کے ذریعے لوگوں کو گڈ فرائیڈے کی تقریب میں شریک ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔

دوسری جانب 1964 سے روم کے کلوزیم میں ہونے والی گڈفرائیڈے کی تقریب اس بار لاک ڈاون کی وجہ سے خالی سینٹ پیٹرز اسکوائرپر منعقد کی گئی جس میں اٹلی کےکورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر پاڈوواکے 5 قیدیوں اور ویٹی کن کے 5 ڈاکٹروں اور نرسوں نے شرکت کی۔ 

تقریب میں طبی عملے کی موجودگی کا مقصد کورونا کےخلاف لڑنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ 

پوپ کاخالی سینٹ پیٹرز اسکوائرپر ہونے والاخطاب کیتھولک عیسائیوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے دیکھا۔

پوپ کا کہنا تھا کہ کورونا متاثرین کی دیکھ بھال کےدوران مرنے والےطبی عملے نےمحاذ پر موجود فوجیوں کی طرح بے لوث اپنی جانیں قربان کردیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں عالمی کانفرنسز اور کھیلوں کے بڑے بڑے میلے بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 16 لاکھ سے زائد ہے۔

مزید خبریں :