12 اپریل ، 2020
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہے، سندھ حکومت کی نااہلی سے صوبے میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے، کراچی کی 12 یو نین کونسلز کو کیسے بند کرسکتے ہیں، لوگ باہر آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجبور ہو کر بات کررہا ہوں، ایسے موقع پر سیاست نہیں کریں لیکن لاک ڈاؤن پر حکومت سندھ عملدرآمد کرنے میں ناکام ہے، لوگوں کی مدد کرنے کے لیے مخیر حصرات نے 2 ارب کی امداد دی، کہاں ہے پیسہ؟ لوگوں کی مدد کریں عوام بھوک سے مر رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حیدر آباد، لاڑکانہ اور جیکب آباد کا حال بھی دیکھیں، احساس پروگرام کے 12 ہزار روپے میں سے بھی ایک ہزار کھا رہے ہیں، حکومت سندھ 2005ء کا ایکسپائر کوکنگ آئل دے رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور ڈی جی رینجرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سیکیورٹی ادارے لوگوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فیصل واوڈا کی وزیراعلیٰ پنجاب کے بارے میں کیا رائے ہے؟ کیا پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومتیں کورونا پر قابو پاچکی ہیں؟
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں راشن نہ ملنےکا واویلا کرنے والے وزیر کو پنجاب نظر نہیں آتا، خیبر پختونخوا کے اسپتال حکومتی لاپرواہی کی داستان سنارہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم کو سندھ حکومت فوبیا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی محاذ آرائی سے بچنے کا حکم دیاہے ورنہ وفاق کی نالائقیوں کے حقائق بیان کرناشروع کیے تو لوگ کورونا بھول جائیں گے۔
خیال رہے کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1411 ہوچکی ہے جب کہ 30 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔