12 اپریل ، 2020
کورونا وائرس بچاؤ کے لیےکراچی کی مختلف شاہرائیں ٹریفک کے لیے بند کر کے ضلع شرقی کی زیادہ متاثرہ ہونے والی یونین کونسلز کو جزوی طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دیا تھا جس پر سندھ حکومت نے حکم دیا کہ جن گلی محلوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، صرف انھیں سیل کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلع شرقی میں کورونا وائرس سے متاثرہ یوسیز کو جزوی طور پر سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے مختلف مقامات پر ٹرک اور کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
جوہر موڑ، جوہر چورنگی، راشد منہاس روڈ کو بھی مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جب کہ گلستان جوہر کے مخلتف بلاکس کی تمام گلیاں ٹرکس لگا کر سیل کر دی گئی ہیں۔
ڈالمیا کے اطراف بھی تمام روڈ مکمل بند ہیں جب کہ پہلوان گوٹھ جانے اور آنے والے راستے بھی مکمل سیل کر دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 5 ہزار 170کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 1411 متاثرین کا تعلق سندھ سے ہے اور صوبے میں اب تک 30 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔