پاکستان
Time 13 اپریل ، 2020

علیم خان دوبارہ کابینہ میں شامل، صوبائی وزیر کا حلف اٹھالیا

تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو دوبارہ صوبائی کابینہ میں شامل کرلیا گیا تاہم انہیں فی الحال کوئی قلمدان نہیں دیا گیا ہے۔

تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پنجاب میں ہوئی جہاں عبدالعلیم خان  سے گورنر پنجاب محمد سرور نے حلف لیا۔

اس دوران تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔ 

بعدازاں ٹوئٹ میں علیم خان نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنےقائد عمران خان کے اعتماد پر شکرگزار ہوں اور اِس پر پورا اُترتے ہوئے وزارت کی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کی کوشش کروں گا۔

تقریب حلف برداری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عبدالعلیم خان سے  ملاقات کی۔

گورنر اور وزیراعلیٰ نے وزارت سنبھالنے پر عبدالعلیم خان کو مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں علیم خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے عثمان بزدار کے تحفظات کو دور کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات سے قبل علیم خان وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد علیم خان کابینہ میں سینیئر وزیر کی حیثیت سے شامل تھے تاہم 6 فروری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثے اور دیگر کیسز میں انہیں گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزید خبریں :