13 اپریل ، 2020
تہران: ایرانی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے باعث بڑھتی ہلاکتوں کی وجہ سے حکام نے 10 ہزار قبریں تیار کرلیں۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق تہران میونسپل سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی وجہ سے دارالحکومت میں 10 ہزار قبریں تیار کی گئی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اب تک 10 ہزار قبریں کھودی گئی ہیں جب کہ نئے سیکشن میں تہران کے بہشت زہرہ قبرستان کو مزید قبریں تیار کرنے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ ایرانی حکام نے تہران میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
ایرانی وزارت صحت کےمطابق اتوار تک ملک میں کورونا سے مجموعی طور پر 4 ہزار 474 افراد جاں بحق ہوچکے تھے جب کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 71 ہزار 686 مصدقہ کیسز ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ اگر سماجی فاصلوں میں نرمی کی گئی تو مئی سے قبل ملک بھر وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے ملک بھر میں 18 اپریل سے چھوٹے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے جب کہ ملک بھر میں ہفتے سے طویل لاک ڈاؤن کےبعد سرکاری دفاتر بھی کھول دیے گئے ہیں۔